نئی دہلی، 10؍جون(آئی این ایس انڈیا )تہاڑ جیل میں بند گینگسٹر چھوٹا راجن کے قتل کی مبینہ سازش رچنے کے الزام میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔دعویٰ کیاجارہاہے کہ یہ سازش راجن کے سخت مخالف انڈرورلڈ ڈان داؤد ابراہیم کے معتمد چھوٹا شکیل کے اشارے پر رچی گئی تھی۔مبینہ طورپر 4کانٹریکٹ کلر کو 3جون کو گرفتار کیا گیا جس کے بعد انہیں پولیس حراست میں بھیج دیا گیا اور پانچ دنوں تک ان سے پوچھ گچھ کی گئی۔گرفتار کئے گئے لوگوں کی شناخت رابنسن، جنید ،یونس اور منیش کے طور پر ہوئی ہے۔ایک سینئر پولیس افسر نے آج بتایا کہ انہیں عدالت میں پیش کیا گیا جس نے انہیں عدالتی حراست میں بھیج دیا۔خصوصی پولیس کمشنر(اسپشل سیل)اروند دیپ نے بتایا کہ تحقیقات جاری ہے۔پولیس نے دعوی کیا کہ دہلی پولیس کے خصوصی سیل ٹیلی فون پر سنی گئی بات چیت کی بنیاد پر چاروں ملزمان تک پہنچے۔ملزمان شکیل کے مسلسل رابطے میں تھے۔افسر نے بتایا کہ چاروں کی شناخت کئے جانے کے بعد انہیں شمال مشرقی دہلی کے سیلم پور اور بیرونی دہلی کے روہنی، غازی آباد اور نوئیڈا میں ان کی رہائش گاہوں سے پکڑا گیا۔پولیس نے یہ بھی دعوی کیا کہ ایک ملزم کے پاس سے ایک پستول اور کارتوس بھی برآمد کئے گئے۔انہوں نے راجن کو سماعت کے لیے عدالت لے جاتے وقت قتل کرنے کا مبینہ طور پر منصوبہ بنایا تھا ۔افسر نے بتایا کہ چاروں ملزم بھی تہاڑجیل میں بند ہیں جبکہ راجن ہائی سیکورٹی والے وارڈ میں ہے۔27سالوں سے فرار راجن(55)کو آسٹریلیائی وفاقی پولیس کی خفیہ معلومات کی بنیاد پر انڈونیشیا کے بالی سے گرفتار کیا گیا تھا اور گزشتہ سال نومبر میں ہندوستان لایا گیا۔